جلالپور شریف میں مہنگائی کا جن بے قابو، اشیاء خورونوش عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور

پنڈدادنخان کے علاقہ جلالپور شریف میں مہنگائی بے قابو ہو گئی ہے اور اشیائے خوردونوش عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ متعلقہ تحصیل افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث گراں فروش کھل کر من مانیاں کر رہے ہیں۔

دکاندار سرکاری نرخنامے پر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کے بجائے اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 900 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن قصاب اسے 1700 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1700 روپے مقرر ہے جبکہ بازار میں اسے 2200 سے 2400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ مرغی کا گوشت بھی من مانے نرخوں پر فروخت کیا جا رہا ہے جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Exit mobile version