جہلم: جیولر قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم کی سی سی ڈی مقابلے میں ہلاکت کے بعد فریقین نے صلح کرلی

جہلم میں جیولر کو قتل کرنے والے ملزم کی سی سی ڈی سے مبینہ میں ہلاکت کے بعد مقتول فیضان کے والد نے ملزم حشمت کے ورثا کو معاف کرکے صلح کرلی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جیولر فیضان کے قتل کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مبینہ ملزم حشمت کی سی سی ڈی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد مقتول فیضان کے والد نے ملزم کے ورثا کو معاف کرکے صلح کرلی۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کے درمیان صلح جوئی اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔
جہلم کے علاقے چکری راجگان میں جیولر فیضان کو قتل کرکے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا لوٹنے کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم حشمت سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
سی سی ڈی کے مطابق ملوٹ پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی۔ تعاقب کے دوران ایک شخص کی لاش ملی، جس کے قریب زیورات اور ایک پستول بھی موجود تھا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص ملزم حشمت تھا، جو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے حشمت کے والد اپنے بیٹوں، بھائیوں اور گاؤں کے معززین کے ہمراہ مقتول فیضان کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے بیٹے کی موت کے بعد بھی مقتول کے اہل خانہ سے معافی مانگی اور صلح کی درخواست کی۔
مقتول فیضان کے والد نے ملزم حشمت کے ورثا کو معاف کرتے ہوئے صلح کرلی۔ اس اقدام کو صبر و تحمل، برداشت اور صلح جوئی کی ایک قابلِ ذکر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔



