محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

جہلم: ماہِ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور اہلِ تشیع تنظیموں کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر کی روک تھام اور امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ڈی پی او جہلم نے شیعہ علماء کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ضلع جہلم ایک پُرامن ضلع ہے جہاں ہر سال محرم الحرام کے دوران تمام مکاتبِ فکر اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مثالی تعاون دیکھنے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کسی نئی مجلس یا نئے جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مقررہ اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
شیعہ علماء کونسل کے وفد نے مجالس اور جلوسوں سے متعلق اپنی تجاویز اور مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ڈی پی او جہلم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام مکاتبِ فکر، ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی تعاون، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ محرم الحرام کے ایام پُرامن انداز میں گزارے جا سکیں۔



