پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

جہلم: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی سول لائن روڈ سے شروع ہو کر جہلم پریس کلب کے باہر اختتام پذیر ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں اور کارکنان نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ "بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے دراصل پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، جو ایک کھلم کھلا دہشت گردی کے مترادف ہے۔”

شرکاء نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت کان کھول کر سن لے، اگر ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ آنکھیں نوچ لی جائیں گی۔”

ریلی میں موجود مقررین اور کارکنان نے واضح کیا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ریلی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مظاہرین نے اتحاد و یگانگت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

Exit mobile version