جہلم میں ڈاکو خاتون اور بچوں کو رسیوں سے باندھ کر جہیز کا سامان اور نقدی لوٹ کر فرار

پنڈدادنخان/ جہلم: پنڈدادنخان میں محنت کش رکشہ ڈرائیور کے گھر ڈکیتی، ڈاکو رکشہ ڈرائیور کی بیوی اور بچوں کو رسیوں سے باندھ کر جہیز کا سامان اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تھانہ للِہ کے علاقہ ٹوبھہ میں گزشتہ رات تین مسلح ڈاکو محنت کش رکشہ ڈرائیور محمد رمضان ولد محمد دین کے گھر داخل ہو گئے اور اس کی بیٹی کے جہیز کا قیمتی سامان اورڈیڑھ لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تین مسلح ملزمان اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنالیا اور رکشہ ڈرائیور کے بیوی بچوں کو رِسیوں سے باندھ کر لوٹ مار کی۔
ڈاکو رکشہ ڈرائیور کی بیٹی کی شادی کے لئے رکھے قیمتی کپڑے، زیورات اور تمام جمع پونجی بھی لے اڑے۔ محنت کش کی بیٹی کی چند ہفتوں بعد شادی ہونا تھی۔
تھانہ للِہ پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔



