برنلے میں مسلمانوں کی قبروں کی توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی تلاش شروع

لندن: برنلے میں مسلمانوں کی قبروں کی توڑ پھوڑ اور ان پر رنگ پھینکنے کے واقعہ کے بعد پولیس نے اس اقدام کو نفرت انگیز جرم کے طور پر ملوث افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔
برنلے سمسٹری میں مسلم قبروں کو نقصان پہنچانے کا واقعہ پیر کی شام پیش آیا اور بعض قبروں پر سرمئی رنگ کا اسپرے کردیا گیا۔ کونسلر افراسیاب انور نے اسے برا عمل کہتے ہوئے کہاہے کہ اس کا مقصد نسلی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔
برنلے کونسل نے ہنگامی طور پر قبروں کی صفائی کے لیے متعلقہ افراد کی خدمات حاصل کرلی ہے اور متاثرہ قبروں کے لواحقین سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ بعض مقامی افراد خود بھی قبروں کی صفائی کررہے ہیں۔
مسٹر انور نے کہا ہے کہ بعض افراد چاہتے ہیں کہ کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو جائیں ان حالات میں پرسکون رہنا انتہائی مشکل ہے لیکن اس کے باوجود کمیونٹی سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیزی سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ لنکا شائر پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، کسی بھی مشکل میں نفرت انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مجرموں کی شناخت اور مناسب کارروائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔


