جہلم: پنجاب پولیس کے شہید اے ایس آئی غلام رسول کی 38 ویں برسی، چاق و چوبند دستے نے سلامی دی

پنڈدادنخان: شہید اے ایس آئی غلام رسول کی اڑتیسویں برسی، تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ میں شہید کی لحد پر جہلم پولیس کے افسران کی حاضری، چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان عامر شاہین گوندل، ایس ایچ او جلالپور شریف اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
شہید اے ایس آئی غلام رسول 23 مئی 1986ء کو تھانہ جاتلی ضلع راولپنڈی کے علاقہ جھونگل میں منشیات فروشوں کے خلاف ریڈ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے جام شہادت نوش فرما گئے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں ، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے اور رہتی دنیا تک رہیں گے۔



