بولٹن میں جشن میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، دکانوں اور مکانوں کو بھی سجا دیا گیا

گریٹر مانچسٹر / بولٹن: برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح یہاں بولٹن میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

مکہ مسجد کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجانے کے علاوہ قریبی دکانوں مکانوں کو بھی سبز بینروں خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، مکہ مسجد کے بیرونی حصوں کو بجلی کے قمقموں سے سجانے سے رات کے وقت سڑکوں سے گزرنے والوں کو ایک حسین منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی میںجلوس کے تمام راستے برقی قمقموں سے جگ مگ کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں نقشبندیہ اسلمیہ فائونڈیشن کے زیراہتمام عالمی مبلغ اسلام صوفی باصفا خواجہ صوفی پیر محمد اصغر اسلمی آستانہ عالیہ شادپور شریف کی زیرصدارت میلادالنبی ﷺ کی تیاریوں کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں علامہ مفتی نصیر اللہ نقشبندی، علامہ محمد ایوب چشتی، قاری سمندر خان، صاحبزادہ عثمان حسین، صوفی قاسم حسین اور انتظامیہ کمیٹی کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی اتوار 15 ستمبر کو 30 واں سالانہ مرکزی جلوس بعد نماز ظہر مکہ مسجد سے نکالا جائے گا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا 3 ڈی سنٹر (D 3) سینٹ ہیلن روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔ سائوتھ افریقہ، یورپ کے علاوہ برطانیہ بھر سے عاشقان رسولؐ کی ایک بڑی تعداد قافلوں کی شکل میں کوچز اور ویگنوں کے ذریعے بولٹن پہنچے گی۔

اس موقع پر پروگرام کے منتظم اعلیٰ صاحبزادہ عثمان حسین، ڈاکٹر تصدق حسین اور صوفی قاسم حسین نے بتایا کہ مقامی علمائے کرام اور مشائخ عظام نے اس جلوس اور میلاد مصطفیٰ کے پروگرام کو یقینی طور پر کامیاب بنانے کیلئے جس طرح اپنی خدمات کو پیش کرنے کا اظہار کیا اس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

علمائے کرام نے اس بات پر زوردیا کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کی جلوس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل کیا جائے۔

انتظامیہ کمیٹی کے ڈاکٹر تصدق حسین نے کہا کہ جلوس کو پرامن رکھنے کیلئے رضا کار دستوں کے علاوہ گریٹر مانچسٹر پولیس بھی جلوس کے ہمراہ ہوگی جو جلوس کے راستوں سے گزرنے والی ٹریفک کو کنٹرول کرے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button