پنڈدادنخان: زیر تعمیر جہلم للِہ ڈیول کیرج وے منصوبہ ایک اور نوجوان کی جان لے گیا

پنڈدادنخان: جہلم پنڈدادنخان روڈ پر حادثہ، حادثہ سڑک زیر تعمیر ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پنڈدادنخان ڈیول کیرج وے زیرتعمیر ہونے کیوجہ سے گزشتہ روز ایک اور حادثہ پیش آیا۔ پچھلے 4 سالوں سے زیر تعمیر جہلم پنڈدادنخان روڈ پر ایک موٹرسائیکل پر تین افراد سوار تھے کہ شاہ کمیر کے مقام پر روڈ پر پلی بننے والی کے گڑھے میں تینوں موٹر سائیکل سوار جا گرے جس کے نتیجہ میں 35سالہ محمدامجدولد باتی خان سکنہ پنڈی سیدپور، گلفام ولد بلال، نعیم شہزاد ولد حاجی احمد سکنہ پنڈی سید پور شدید زخمی ہو گئے۔
تینوں زخمیوں کو آر ایچ سی جلالپور شریف پہنچایا گیا لیکن ہسپتال میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے 35 سالہ نوجوان امجد تڑپ تڑپ کو خالق حقیقی سے جا ملا۔
مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر صحت ، چیف سیکرٹری پنجاب، سی ای او ہیلتھ جہلم سے نوٹس لینے اور جلالپور شریف ہسپتال میں تعینات ڈاکٹرز اور عملے کو ضلع بدر کرنے کا مطالبہ کیاہے اور رورل ہیلتھ سنٹر میں فرض شناس، ایماندار ڈاکٹرز اور عملہ تعینات کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔



