خواتین کو ہنر مند بنا کر غربت کے خاتمے اور ملکی ترقی میں کردار ادا کیا جا سکتا ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: گھریلو خواتین کو ہنر مند بنا کر نہ صرف غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی ترقی میں بھی ایک اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے صنعت زار میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام دستکاری نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ نمائش گھریلو خواتین کے لیے ایک باعزت روزگار کا ذریعہ فراہم کرتی ہے۔ یہاں بنائی گئی دستکاری مصنوعات نہ صرف معیاری ہیں بلکہ انتہائی مناسب قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں، جس سے خواتین کو خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی بنائی گئی مصنوعات کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے ہنر کی تعریف کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ چھوٹے کاروبار خواتین کے لیے خوشحالی اور خود انحصاری کا ذریعہ بن سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کے گھروں میں بہتری آئے گی بلکہ معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے سماجی شخصیت فرحت کمال کی جانب سے صنعت زار کو کاج اوورلاک مشین عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی شخصیات کے تعاون سے ضرورت مند خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور تمام شہریوں کو اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ معاشی طور پر کمزور افراد کی بہتر مدد کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ ادارے ایسی نمائشوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کریں تاکہ ہنر مند خواتین کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں اور انہیں خود مختار بنانے کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔



