ضلع جہلم میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل

جہلم: جشن عید میلاد النبی ﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ضلع جہلم میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ انتظامات علمائے کرام کی مشاورت سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ماہ ربیع الاول کی آمد پر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔

سنی علماء کونسل کی جانب سے حافظ اظہر اقبال، حافظ ظفر اقبال، قاری یوسف سیالوی، قاری باسط، جماعت اہل سنت سے قاری عمر فاروق، جماعت اہل حدیث سے قاری احمد اور تحریک عظمت قرآن سے اصغر مرزا شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت کے احکامات پر شہر بھر میں بہترین چراغاں اور جشن کے انتظامات کیے جائیں گے۔ تمام مجالس، جلسے اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رحمت اللعالمین کانفرنس ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی تقریب ہوگی۔

علمائے کرام نے اجلاس میں اپنی تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام انتظامات انہی سفارشات کے مطابق کیے جائیں۔ اجلاس کے اختتام پر علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button