جہلم کے ہوٹلوں میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا انکشاف

جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف ہوٹلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور جی ٹی روڈ پر قائم متعدد ہوٹلوں میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور غیر معیاری کھانے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی ہوٹل مالکان صرف منافع کمانے کی خاطر صفائی کے بنیادی تقاضوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں میں کام کرنے والے افراد کے ناخنوں میں میل، گندے کپڑے اور غیر صحت بخش ماحول عام ہے، جبکہ سیوریج کا نظام بھی ناقص ہے، جو بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

متاثرہ شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، ہوٹلوں کی سخت چیکنگ کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Exit mobile version