واٹر سپلائی سکیم کے باوجود پنڈدادنخان کے سرکاری سکول میں پانی نایاب، بچے بالٹیاں بھرنے پر مجبور

پنڈ دادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی علاقے ڈھوک للِہ گج میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول بنیادی سہولت سے محروم ہے، جہاں واٹر سپلائی سکیم ہونے کے باوجود بچوں کو پانی دستیاب نہیں۔

پانی کی قلت کے باعث معصوم طلبہ دوسرے گھروں سے بالٹیاں بھر کر پانی لانے پر مجبور ہیں، جو نہ صرف ان کی تعلیم بلکہ صحت کے لیے بھی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔

علاقہ مکینوں اور والدین کے مطابق اسکول کے نام پر باقاعدہ واٹر سپلائی کنکشن موجود ہے، مگر انتظامی غفلت، نگرانی کے فقدان اور مقامی اداروں کی بے حسی کے سبب اسکول کے نلکوں میں ایک بوند پانی بھی دستیاب نہیں۔

والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال رہی ہے اور ان کی توجہ تعلیم سے ہٹ رہی ہے۔

عوامی حلقوں کا انکشاف ہے کہ للِہ واٹر سپلائی سکیم کی ماہانہ آمدن 75 سے 95 لاکھ روپے کے درمیان ہے، اس کے باوجود نہ پانی کی ترسیل بہتر بنائی گئی ہے اور نہ ہی تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

اہلیانِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی اسکیم کے مرکزی ٹینک میں باقاعدگی سے پانی فراہم کیا جائے۔ اسکول اور گرد و نواح میں پانی کی پریشر میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اسکولوں اور دیگر عوامی اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

علاقہ مکینوں نے محکمہ بلدیات، واٹر سپلائی حکام اور عوامی نمائندگان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور اسکول میں پانی کی فراہمی بحال کر کے بچوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائیں۔ عوامی فنڈز کو شفاف انداز میں استعمال میں لایا جائے تاکہ بنیادی سہولیات ہر شہری تک پہنچ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button