پنڈدادنخان کے لاری اڈوں پر بنیادی سہولیات کا فقدان، زائد کرایوں اور اوورلوڈنگ نے مسافروں کو پریشان کر دیا

پنڈدادنخان: عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پنڈدادنخان کے لاری اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے زائد کرایوں کی وصولی، اوورلوڈنگ، غیر قانونی وصولیوں اور بنیادی سہولیات کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف لاری اڈوں پر مسافروں کے لیے پینے کے صاف پانی، مناسب ویٹنگ ایریا، بیت الخلا اور صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شدید گرمی اور رش کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں کو خصوصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ بعض ٹرانسپورٹرز اور اڈا انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں، جبکہ گاڑیوں میں مقررہ گنجائش سے زائد مسافر بٹھانا بھی معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کے مطابق اوورلوڈنگ نہ صرف مسافروں کے لیے تکلیف دہ ہے بلکہ اس سے حادثات کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض اڈوں پر گاڑیوں کی آمدورفت اور دیگر امور کے نام پر غیر قانونی وصولیاں کی جا رہی ہیں، جن کا بوجھ بالآخر اضافی کرایوں کی صورت میں عوام پر منتقل کیا جاتا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس اور موٹروے پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے، کیونکہ اوورلوڈنگ اور ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزیاں کھلے عام جاری ہیں۔

شہریوں اور سماجی تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ لاری اڈوں کی فوری انسپکشن کی جائے، زائد کرایوں، اوورلوڈنگ اور غیر قانونی وصولیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button