جہلم سمیت ملک بھر میں 5 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی، جہلم میں دفعہ 144 نافذ

جہلم: محکمہ موسمیات نے جہلم سمیت ملک بھر میں 5 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خدشات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جہلم، مری، راولپنڈی، گلیات، اسلام آباد، سوات، پشاور، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، مالاکنڈ اور دیگر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث اب تک 45 افراد جاں بحق اور 608 زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ جہلم اور راولپنڈی نے شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔



