جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے 2 ہزار 300 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس اور معروف برانڈ کے نام سے تیار کیا جانے والا 10 من سے زائد غیر معیاری نمک تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنڈدادنخان کے محلہ ارسل ٹاؤن اور نیو سبزی منڈی میں کارروائیاں کیں۔ دورانِ کارروائی کولڈ ڈرنکس اور نمک کے نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوایا گیا، جہاں سیمپلز فیل ہونے پر غیر معیاری اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق تلف کیے جانے والے سامان میں 2 ہزار 300 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس جبکہ 10 من سے زائد نمک شامل ہے، جو معروف برانڈ کے نام سے پیکنگ میں تیار کیا جا رہا تھا۔ تلف کیے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 7 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مختلف اشیائے خورونوش کی سیمپلنگ اور معیار کی جانچ کا عمل بلا تعطل جاری ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ ملاوٹ، جعلی اور غیر معیاری اشیائے خورونوش تیار یا فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خوراک کے معیار سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔
