سوہاوہ: ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERT) کے درمیان مقابلوں میں یونین کونسل اڈرنہ، روہتاس انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج جھنگ چک سوہاوہ کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ مقابلوں میں تحصیل سوہاوہ اور ڈومیلی کی مختلف یونین کونسلز کی تربیت یافتہ رضاکار ٹیموں نے حصہ لیا اور مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا سعید احمد کی خصوصی ہدایات پر تحصیل انچارج کامران علی کی سربراہی میں انٹر یونین کونسل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سے قبل تحصیل کی مختلف یونین کونسلز میں بھی مقابلے کروائے گئے، جن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں نے ضلعی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے لیے کوالیفائی کیا۔
اس موقع پر تحصیل انچارج کامران علی نے کہا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے عام شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دینا انتہائی ضروری ہے۔ کسی حادثے یا ناگہانی صورتحال میں ریسکیو ٹیموں کی آمد سے قبل تربیت یافتہ رضاکار بروقت عملی اقدامات کرکے قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مقابلوں کے دوران رضاکاروں نے مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان میں زخمیوں کی درجہ بندی (ٹریاج)، ابتدائی طبی امداد، آگ لگنے کی صورت میں فوری کارروائی اور آگ بجھانے، عمارت منہدم ہونے پر ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور انہیں بحفاظت نکالنے، جبکہ ڈوبنے والے اور تیز بہاؤ والے پانی میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے عملی مظاہرے شامل تھے۔
ان مقابلوں کا بنیادی مقصد کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے رضاکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا، ان میں ٹیم ورک، بروقت فیصلہ سازی اور ہنگامی حالات میں مؤثر ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا تھا، تاکہ کمیونٹی کی سطح پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔
مقابلوں کے اختتام پر ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد یونین کونسل اڈرنہ، روہتاس انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج جھنگ چک سوہاوہ کی ٹیم کو پہلی پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔ کامیاب ٹیم کے ارکان کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کو سراہا گیا۔
فاتح ٹیم نومبر میں ضلع کی سطح پر منعقد ہونے والے رضاکاروں کے مقابلوں میں تحصیل سوہاوہ کی نمائندگی کرے گی۔ ریسکیو 1122 جہلم اور سوہاوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمیونٹی کی سطح پر رضاکاروں کی تربیت اور عوام میں حفاظتی شعور اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ ایک محفوظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
