تھانہ جلالپور شریف میں ٹاؤٹ مافیا کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ایس ایچ او احسن بٹ

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تھانہ جلالپور شریف میں تعینات ہونے والے نئے ایس ایچ او انسپکٹر احسن بٹ نے چارج سنبھالنے کے بعد علاقہ میں امن و امان کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے علاقے میں مسلسل گشت شروع کر دیا ہے جس سے چوری، ڈکیتی اور قبضہ جیسی وارداتوں سے تنگ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ایس ایچ او احسن بٹ نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ ٹاؤٹ مافیا کے تھانے میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے سائلین کے لیے 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کھلے ہیں، کسی کو کسی سفارش یا چٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بلا جھجک اپنی شکایات لے کر آئیں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہا کہ جلالپور شریف کو جرائم سے پاک علاقہ بنانے کا عزم کیا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو یہاں سے کوچ کرنا ہوگا۔ "جو لوگ جھوٹی درخواستیں دے کر پولیس کا وقت ضائع کرتے ہیں، وہ ہوشیار ہو جائیں، ہم صرف انصاف کے تقاضے پورے کریں گے،” ان کا کہنا تھا۔
انسپکٹر احسن بٹ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے عوام اور پولیس کا باہمی اشتراک ضروری ہے۔ ہم تھانہ جلالپور شریف کے علاقے کو امن و سکون کا گہوارہ بنائیں گے۔
علاقہ مکینوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوامی مطالبے پر نوٹس لیتے ہوئے ایک فرض شناس اور ایماندار افسر کو تھانہ جلالپور شریف میں تعینات کیا۔ عوام کو امید ہے کہ ایس ایچ او احسن بٹ کی قیادت میں جلالپور شریف میں پولیس اور عوام کا رشتہ مضبوط ہوگا اور جرائم کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے گا۔



