جہلم پولیس کے ماہ مئی 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری، گزشتہ ماہ 8 گینگز اور سینکڑوں ملزمان گرفتار کر لئے گئے، 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس جہلم نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی قیادت میں ماہ مئی 2026 کے دوران جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق اغواء، قتل، ڈکیتی، رابری، چوری، منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 97 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 14 اے کیٹیگری، 70 بی کیٹیگری کے اشتہاری اور 13 عدالتی مفروران شامل ہیں۔
پولیس نے قتل کے 4 مقدمات میں مطلوب 4 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ریپ کے 14 مقدمات درج کرکے تمام 14 ملزمان کو قانون کی گرفت میں لیا گیا۔
جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کارروائی کے دوران 8 گینگز کو ٹریس کیا گیا، جن سے تعلق رکھنے والے 19 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان ملزمان سے 34 لاکھ 2 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔
چوری کی وارداتوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں 6 موٹر سائیکلیں مالیتی 5 لاکھ 65 ہزار روپے، ایک لوڈر رکشہ مالیتی 3 لاکھ 50 ہزار روپے اور چوری شدہ موبائل فونز و دیگر سامان مالیتی 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 42 مقدمات درج کرکے 42 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 20 کلو 577 گرام چرس، 2 کلو 280 گرام ہیروئن، ایک کلو 260 گرام افیون، 106 گرام آئس اور 498 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 53 مقدمات درج کر کے 53 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 36 پسٹل، 11 بندوقیں و رائفلیں، 2 ریوالورز اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد کی گئیں۔
قمار بازی کے خلاف کارروائیوں میں 2 مقدمات درج کر کے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 23 ہزار 350 روپے نقدی اور 8 موبائل فونز برآمد ہوئے۔
بھکاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 60 مقدمات درج کرکے 89 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 74 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔
سیکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے لیے ضلع بھر میں 496 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 4 ہزار 723 گھروں اور 11 ہزار 272 افراد کی چیکنگ کی گئی۔ سرچ آپریشنز کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے والے 10 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے 8 پسٹل، ایک رائفل اور ایک کلاشنکوف برآمد کی گئی۔
اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشنز کے دوران 10 مقدمات درج کر کے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 9 کلو 120 گرام چرس اور 100 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
غیر قانونی طور پر مقیم 11 افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ سرچ آپریشنز کے دوران 10 اشتہاری مجرمان کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا گیا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 5 ہزار 721 چالان کیے گئے جن کے ذریعے ایک کروڑ 5 لاکھ 55 ہزار 900 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
پولیس خدمت مراکز جہلم میں ماہ مئی کے دوران 3 ہزار 608 شہریوں نے مختلف سہولیات سے استفادہ حاصل کیا، جبکہ کمپلینٹ سیل اور کھلی کچہریوں کے دوران ڈی پی او جہلم نے 279 شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
