جلالپور شریف میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں بے ضابطگیاں، عوام پریشان

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

شہریوں نے انتظامیہ کی بے حسی اور عدم توجہی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

جلالپور شریف میں کسی بھی مرغی فروش دکاندار کے پاس سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہیں ہے۔ دکاندار اپنی مرضی کے نرخوں پر برائلر گوشت فروخت کر رہے ہیں، جس کے باعث صارفین شدید استحصال کا شکار ہیں۔ عوامی شکایات کے مطابق مختلف دکانوں پر مختلف قیمتوں پر گوشت فروخت کیا جا رہا ہے، جس کی کوئی مانیٹرنگ نہیں کی جا رہی۔

عوامی حلقوں نے بتایا کہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری ایک چیلنج بن چکی ہے۔ ایسے میں برائلر گوشت جیسی اہم غذائی شے کی من مانے نرخوں پر فروخت نے صورتحال مزید سنگین بنا دی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے کی پابندی کروائی جائے اور گراں فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button