جہلم میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے 2 بھائیوں کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، مزاحمت پر گولیاں مار دیں

جہلم کے جادہ چوک میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے دو بھائیوں کو ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دونوں بھائیوں کو گولیاں مار دیں، ڈاکو لاکھوں روپے لے کر موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے، دونوں بھائیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم جی ٹی روڈ پر جادہ چونگی کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں جہلم کے نواحی گاؤں کنتریلی کے رہائشی دو بھائی عامر اور امجد بینک سے ساڑھے تین لاکھ روپے نکلوا کر باہر آئے تو موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے انہیں اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجہ میں دونوں بھائی زخمی ہوگئے جبکہ ڈاکو رقم ساڑھے تین لاکھ روپے چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔ دونوں زخمی بھائیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ایک بھائی کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈکیتی کے دوران نجی بینک کے سکیورٹی گارڈ تماشہ دیکھتے رہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ناصر محمود باجوہ بھاری نفری کے ہمراہ ہسپتال اور وقوعہ کی جگہ پہنچے اور کہاکہ ملزمان کی گرفتاری کےلیے شہر کی ناکہ بندی کروا دی گئی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔
ضلع جہلم میں نان سٹاپ ڈکیتی کی وارداتوں کی وجہ سے شہری خوف و ہراس میں مبتلاہیں۔ شہریوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر داخلہ اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔



