جہلم میں ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی پر سن فلاور مارکی کو بھاری جرمانہ، وارننگ جاری

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے سن فلاور مارکی پر چھاپہ مار کر ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی پر مارکی مالکان کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے سخت وارننگ جاری کر دی۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے شادی تقریب میں پیش کیے جانے والے پکوانوں کا معائنہ کیا اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے میرج ہال انتظامیہ کو دو ٹوک انداز میں ہدایت کی کہ حکومتی احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
آفتاب اشرف نے واضح کیا کہ آئندہ ایسی خلاف ورزی کی صورت میں مارکی کو سیل کرنے سمیت سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ ون ڈش ایکٹ کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ون ڈش ایکٹ کا مقصد شادی کی تقریبات میں غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی ہدایات کے تحت تمام میرج ہالز اور مارکیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ اسراف اور نمود و نمائش کا خاتمہ کیا جا سکے اور قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔



