پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم موجودگی، دکانداروں کی من مانیاں عروج پر، شہری لٹنے پر مجبور

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت اور بازاروں میں عدم موجودگی کے باعث سرکاری نرخ نامے کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے جبکہ دکانداروں نے من مانے دام وصول کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے نہ تو جہلم شہر اور نہ ہی اس کی چاروں تحصیلوں میں موجود بازاروں کا باقاعدہ معائنہ یا چیکنگ کی جا رہی ہے۔ سبزی، فروٹ اور کریانہ فروشوں نے سرکاری نرخ ناموں کو آویزاں کرنا چھوڑ دیا ہے جبکہ شہریوں کو من چاہی قیمتوں پر اشیائے خوردونوش فروخت کی جا رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بے ضابطگیاں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں سامنے آ رہی ہیں، جہاں دکاندار سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں، اور کوئی پوچھنے والا موجود نہیں۔ عام خریدار مہنگائی اور منافع خوری کی اس دوہری مار میں پس کر رہ گیا ہے۔

شہریوں، سماجی تنظیموں اور صارفین کے نمائندوں نے اس صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں چھاپے مارے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت کارروائی نہ کی تو یہ صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے، اور عوامی سطح پر احتجاج بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button