پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا خدشہ، سیاسی کشمکش کے باعث عوام پریشان

جہلم سمیت پنجاب بھر میں سیاسی جماعتوں کی کھینچا تانی اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر جاری سیاسی بحث کے باعث بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ایک بار پھر غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔ پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مختلف معاملات کے باعث بلدیاتی انتخابات ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے صوبوں کے تنازعے پر ملک بھر میں سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث عوام میں غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی حکومتوں کی عدم موجودگی کے باعث عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان طبقہ بھی دل برداشتہ دکھائی دیتا ہے۔ طویل عرصے سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کے باعث عوامی مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
اب جب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی کچھ امید پیدا ہوئی تو کبھی الیکشن کمیشن اور کبھی پنجاب حکومت کی کوئی مجبوری آڑے آ جاتی ہے، جس کے باعث انتخابات کا معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔
موجودہ صورتِ حال میں اگرچہ الیکشن کمیشن نے فروری میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کروانے کا عندیہ دے رکھا ہے، تاہم سیاسی کشیدگی کے پیش نظر ان انتخابات کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔ عوام کے ذہنوں میں بدستور یہ خدشہ موجود ہے کہ بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے جا رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں تو فوری طور پر انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر نمائندگی مل سکے اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔



