تحصیل روڈ ماڈل بازار کی خوبصورتی کا منصوبہ شہریوں کو بہتر اور دیدہ زیب ماحول فراہم کرے گا، اسسٹنٹ کمشنر جہلم

جہلم: اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے تحصیل روڈ ماڈل بازار میں جاری خوبصورتی و تزئین کے منصوبے کا دورہ کیا اور مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے منصوبے کی مجموعی پیش رفت، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور تکمیل کے مراحل کا معائنہ کیا، جبکہ متعلقہ ٹھیکیدار سے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی حاصل کی۔ انہوں نے مختلف حصوں میں ہونے والے کام کا جائزہ لیتے ہوئے باقی ماندہ کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
عبداللہ غازی خان نے کام کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تمام ضروری امور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے کہا کہ تحصیل روڈ ماڈل بازار کی خوبصورتی و تزئین کا منصوبہ شہریوں کو بہتر، منظم اور دیدہ زیب ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔



