جہلم: ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں کے خلاف ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے مہم کی اہمیت پر زور دیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
میجر جنرل (ر) اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی اور اس میں چھ ماہ سے پانچ سال کی عمر کے ایک لاکھ 83 ہزار 438 بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ مہم کے لیے 177 تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صحت کے مراکز، اسکولوں، گاؤں اور محلوں میں جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔
مشیر صحت نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مہم کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کا مقصد حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
