سوہاوہ کے نواحی گاؤں پاہمال فراش کا گورنمنٹ پرائمری اسکول سہولیات سے محروم ہے، سہولیات نہ ہونے سے بچوں کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے گاؤں پاہمال فراش میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہے۔ اسکول میں پانچ جماعتیں قائم ہیں مگر صرف دو اساتذہ تعینات ہیں، جس کے باعث تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
اساتذہ کی کمی کے باعث گاؤں کے بیشتر بچے اور بچیاں تعلیم کے حصول کے لیے 8 سے 9 کلومیٹر دور سوہاوہ یا میانی جانے پر مجبور ہیں، جو ان کے لیے نہ صرف وقت طلب بلکہ مالی بوجھ بھی ہے۔
مزید برآں اسکول کی چار دیواری بھی جگہ جگہ سے گری ہوئی ہے، جس سے طلبہ کی سکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ موجودہ دو اساتذہ بھی روزانہ سوہاوہ سے سفر کر کے اسکول آتی ہیں، تاہم خراب سڑکوں اور خراب موسم کے باعث ان کا آنا جانا اکثر متاثر ہوتا ہے، اور بارش کی صورت میں اسکول بند کر دیا جاتا ہے۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی چار دیواری کی فوری مرمت کی جائے، مزید اساتذہ تعینات کیے جائیں، اور اسکول کو مڈل یا ہائی سطح تک اپگریڈ کیا جائے تاکہ علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم ان کی دہلیز پر مہیا کی جا سکے۔
