جہلم میں قصابوں کی من مانیاں، گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

جہلم شہر اور نواحی علاقوں میں قصابوں نے خود ساختہ نرخ مقرر کرکے گوشت کی فروخت شروع کر دی، جس کے باعث عام آدمی کے لیے گوشت خریدنا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ سرکاری نرخوں کے برعکس دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔
تفصیلات کے مطابق مرغی کا سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود دکانداروں نے قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کر دیا ہے۔ شہری علاقوں میں مرغی کا گوشت 850 روپے فی کلو جبکہ دیہی علاقوں میں 1000 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح، گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر دکاندار شہر میں 1200 روپے اور دیہی علاقوں میں 1100 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔
بکرے کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔ سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو ہونے کے باوجود شہر میں 2200 روپے اور دیہی علاقوں میں 2000 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے گوشت خریدنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



