پنڈدادنخان کے ایجوکیشن سکول میں سپورٹس اور سائن لینگویج مقابلوں کا انعقاد

پنڈدادنخان کے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول میں سپورٹس اور سائن لینگویج مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔
اس تقریب میں سرکاری اداروں کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے، جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مقابلوں میں مختلف کیٹگریز کے بچوں نے حصہ لیا، جن میں ذہنی، جسمانی، دماغی معذوری کے شکار اور بصارت سے محروم بچے شامل تھے۔ بچوں نے اپنی محنت اور قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس نے حاضرین کو متاثر کیا۔
پرنسپل سحرش امتیاز نے تقریب کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے بچوں کی خود اعتمادی بڑھانے اور انہیں معاشرتی سطح پر فعال بنانے کے لیے اہم ہیں۔ یہ ایونٹس معذوری کو چیلنج کرنے اور بچوں کے اندر موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک ذریعہ ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے بچوں کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس سے نہ صرف بچوں کا حوصلہ بڑھتا ہے بلکہ معاشرے میں معذوری کی اہمیت کو بھی سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب بچوں کو انعامات سے نوازا گیا، جس سے ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔



