محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے سلسلے میں دینہ اور گردونواح میں واقع مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم نے امام بارگاہ گلستانِ زہراء چک عبدالخالق، امام بارگاہ اسد آباد شیخوپور اور امام بارگاہ قلعہ روہتاس کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے انہیں مجالس اور جلوسوں کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے امام بارگاہوں کے منتظمین، لائسنس داران اور مقامی شخصیات سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مجالس و جلوسوں میں آنے والے ہر فرد کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر چیکنگ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیوں اور مذہبی رہنماؤں کے باہمی تعاون سے ضلع بھر میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



