جہلم میں لاغر بیمارجانوروں کا پانی ملے گوشت کی فروخت دیدہ دلیری کے ساتھ جاری

جہلم شہر اور گردو نواح میں لاغر اور بیمار جانوروں کے پانی ملے مضر صحت گوشت کی دیدہ دلیری سے فروخت جاری ہے جبکہ گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے گوشت خریدنا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔
جہلم کے مضافاتی علاقوں میں بااثر قصاب سرکاری نرخ نامے کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے بغیر کسی مہر کے من مرضی کے نرخوں پر گوشت فروخت کر رہے ہیں۔ اس ناقص گوشت کی فروخت سے شہریوں کی صحت داؤ پر لگ گئی ہے اور پیٹ، آنتوں اور دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے صورتحال پر مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے، جو افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
شہری، سماجی و فلاحی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور قصابوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور صحت کے ساتھ یہ کھلواڑ بند ہو۔



