ضلع جہلم میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 2 فروری سے ہو گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2 سے 5 فروری تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1192 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکم دیا کہ محکمہ صحت اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کریں تاکہ اہداف کا سو فیصد حصول ممکن ہو سکے۔
اجلاس کے اختتام پر انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ضلع سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔



