پڑی درویزہ: نواحی علاقہ ٹبی سیداں کی ممتاز شخصیت گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کے ہیڈ ماسٹر سید ابرار حیدر کے والد محترم سید مختار حیدر طویل عمر پانے کے بعد مختصر علالت کے باعث 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
مرحوم ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے اپنی زندگی کے دو اہم شعبہ جات میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ وہ پہلے پاکستان آرمی سے منسلک رہے جہاں انہوں نے وطن عزیز کی خدمت کی، بعد ازاں وہ محکمہ تعلیم پنجاب میں بطور پی ٹی سی ٹیچر شامل ہوئے اور نسلِ نو کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سید مختار حیدر مرحوم ایک باوقار، دیانت دار اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے انسان تھے جنہیں علاقے میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ اُن کے انتقال پر علاقے میں رنج و غم کی فضا چھا گئی۔
مرحوم اپنے پس ماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور پانچ بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔ نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں ٹبی سیداں، تحصیل سوہاوہ کے قبرستان میں ادا کی گئی جس کی امامت سید ناصر علی نے کی۔ نمازِ جنازہ میں اہل علاقہ، عزیز و اقارب، شاگردوں، اساتذہ اور معززینِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو سوگواران کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
