جہلم میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے بعد سنگین جرائم میں 66 فیصد کمی ریکارڈ

جہلم: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے قیام کے بعد ضلع جہلم میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم کے مطابق جرائم کی شرح کا تقابلی جائزہ لینے سے مختلف سنگین جرائم میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔
ترجمان سی سی ڈی جہلم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے بعد مجموعی طور پر سنگین جرائم میں 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈکیتی کی وارداتوں میں 67 فیصد، سرقہ بالجبر یعنی رابری کے واقعات میں 59 فیصد، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں 60 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 67 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گھروں میں ڈکیتی اور گھروں میں رابری کی وارداتوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق سی سی ڈی کے قیام کے بعد ضلع جہلم میں گھروں میں ڈکیتی اور رابری کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔
ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم کا کہنا ہے کہ جرائم میں کمی ڈیپارٹمنٹ کی مؤثر حکمتِ عملی، منظم اور سنگین جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف بروقت کارروائیوں اور پولیس ٹیموں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



