دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں قائم امتحانی مراکز میں سہولیات کی فراہمی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف مراکز کے دورے کیے۔
دوروں کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے سکیورٹی انتظامات، طلبہ کے لیے پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور بیٹھنے کے لیے مناسب فرنیچر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر امتحانی ماحول کو پرامن اور سازگار بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ طلبہ کو بہترین اور پرسکون ماحول فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو مراکز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کا بھی حکم دیا گیا تاکہ امتحانی عمل میں کسی رکاوٹ یا بدنظمی کا امکان نہ رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے نقل اور بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ امتحانی عملے کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ نقل یا اس میں معاونت کرنے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ امتحانات کی شفافیت ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔
