جہلم: ایکسائز دفاتر اتوار کو بھی کھلے، شہری بروقت ٹیکس جمع کرا کے اضافی جرمانوں سے بچیں۔ ڈاکٹر منور حسین

جہلم: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہریوں کو اضافی جرمانوں سے بچانے اور ٹیکسوں کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے اتوار کے روز بھی اپنے دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ڈاکٹر منور حسین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس گزاروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر میں محکمہ ایکسائز کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں تاکہ معزز شہری اپنے واجبات بروقت اور بغیر کسی اضافی چارجز یا جرمانے کے جمع کرا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں، جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں ٹیکسوں کی وصولی کے لیے تمام ضروری عملہ موجود ہے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر منور حسین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس خصوصی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آج ہی اپنے بقایا ٹیکسز جمع کرا دیں تاکہ بعد ازاں انہیں اضافی جرمانوں، سرچارجز یا کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عوام کو شفاف، بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی بروقت ادائیگی نہ صرف شہریوں کو اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ قومی ترقی، سرکاری منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔



