جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے شاندار چوک جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی ٹریفک اور ڈی ایس پی صدر سرکل سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر فوری کارروائی کے احکامات صادر کرتے ہوئے موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہترین بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جارہا ہے، اس سلسلہ میں پولیس خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کا قیام، میثاق سنٹرز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے، عوام الناس اپنے مسائل لیکر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔
