جہلم: نادرا نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز کو بروقت منسوخ نہ کروانے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق متعدد اضلاع میں ایسے ہزاروں شناختی کارڈز سامنے آئے ہیں جو ہولڈر کے انتقال کے باوجود تاحال فعال ہیں اور مختلف ناجائز سرگرمیوں میں استعمال ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
نادرا نے ڈیٹا ویری فکیشن کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تمام شناختی کارڈز کو فوری طور پر بلاک کر دیا جائے۔ نادرا کے ترجمان نے کہا کہ "وراثتی جھگڑوں، بینک فراڈ، اور جائیداد کے معاملات میں غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز کا بروقت ڈی ایکٹیویٹ ہونا ضروری ہے۔”
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی عزیز یا رشتے دار کے انتقال کی صورت میں فوری طور پر NCF (نوٹیفکیشن آف کارڈ کینسلیشن) کے تحت رپورٹ کریں تاکہ ریکارڈ بروقت اپڈیٹ ہو سکے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے امکانات کو روکا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو فراڈ اور دیگر مالی یا قانونی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔
