پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عام شہریوں تک نہ پہنچ سکے، شہری سراپا احتجاج

جہلم: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عام شہریوں تک نہ پہنچ سکے۔ جہلم شہر سمیت گردو نواح میں پٹرول نرخوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہ کئے، شہری انتظامیہ کی بے حسی پر سراپا احتجاج ہیں۔ حکومت نے رواں ماہ دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی غائب، ٹرانسپورٹرز نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے رواں ماہ دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کر دی ہے جس کے ثمرات مسافروں تک نہیں پہنچ سکے۔ جہلم شہر سے دوسرے شہروں اور اندرون ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے مسافروں کو ریلیف دینے کی بجائے جنگل کا قانون نافذ کرتے ہوئے من مرضی کے کرائے وصول کرنے شروع کر رکھے ہیں۔

سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ریلیف مہیا کرنے کے حوالے سے مکمل لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں،چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے انتظامیہ کی عدم دلچپی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سٹاپ تو سٹاپ پچاس روپے کرایہ وصولی شروع کر رکھی ہے ،اس طرح ضلع بھر میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔

مسافروں نے وزیر اعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور صوبائی محتسب پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم کے ذمہ داران کو بیدار کیا جائے تاکہ ضلع جہلم سے دوسرے شہروں میں چلنے والے مسافر گاڑیوں اور اندرون شہر چلنے والے چنگ چی رکشہ ڈرائیورز پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے مطابق کرایوں میں کمی کر کے مسافروں کو ریلیف فراہم کریں۔ اضافی کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپوٹرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائے اور بھاری جرمانے کر کے ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ کروایا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button