ہونہار طلبہ ضلع جہلم کا فخر ہیں، مستقبل میں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نازیہ شہزادی اور ڈی او سیکنڈری محمد شہزاد نے بھی شرکت کی۔

راولپنڈی بورڈ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ ہائی سکول سنگھوئی کی طالبہ سوہانہ قدیر کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر ایک لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔

اسی طرح ضلع جہلم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے محمد ابراہیم، گورنمنٹ ہائی سکول ڈومیلی، کشمالہ ممتاز چوہدری، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کالا گجراں اور ارفع دستگیر، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جونیئر ماڈل جہلم کو 25،25 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی محنت، لگن اور کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہونہار بچے ضلع جہلم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی اپنی محنت کے ساتھ والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی مسلسل رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان مستقبل میں ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی اور ڈی او سیکنڈری محمد شہزاد نے بھی پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع جہلم میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور ہونہار طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button