جہلم شہر میں نئی تعمیر شدہ سڑکیں بھاری ڈمپرز کی نذر ہونے لگیں، حفاظتی بیریر ٹوٹ گیا

جہلم: کئی دہائیوں بعد اندرونِ شہر تعمیر ہونے والی سڑکیں چند ہی ہفتوں میں بھاری بھرکم اور اوورلوڈ ڈمپرز کی نذر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج ٹانلیانوالہ روڈ پر ہیوی ڈمپرز کو روکنے کے لیے نصب کیا گیا لوہے کا بیریر ایک بار پھر طاقتور ڈمپر مالکان کے آگے بے بس ثابت ہوا اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈمپر کی ٹکر کے باعث بیریر ٹوٹ کر سڑک کے عین درمیان خطرناک انداز میں لٹک رہا ہے، جو کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ بیریر کے بالکل قریب سیف سٹی کے جدید کیمرے نصب ہیں، اس کے باوجود قانون شکن ڈمپرز بلا روک ٹوک اندرونِ شہر دندناتے پھر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو کیمروں کی مدد سے بیریر توڑنے والے ڈمپرز کی نشاندہی کوئی مشکل کام نہیں، مگر افسوس کہ تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈی ایس پی ٹریفک، آر ٹی اے سیکرٹری اور موٹر وہیکل ایگزامینر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں داخل ہونے والے اوورلوڈڈ اور غیر قانونی ڈمپرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا اور ناقابلِ تلافی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔



