جہلم میں بین الاضلاعی موٹر سائیکل چور گینگ کے دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

جہلم: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) جہلم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی موٹر سائیکل چور گینگ کے دو کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی جہلم کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ آفیسر مرزا عمران بیگ کی ہدایت پر ایس ایچ او سرفراز احمد کی نگرانی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی اور دریائے جہلم کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران حفاظتی بند کے قریب دو ملزمان زخمی ہو گئے، جنہیں موقع پر گرفتار کر کے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد سلیمان ولد محمد رفاقت سکنہ ڈسکہ (سیالکوٹ) اور صنم عرف چاند کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جبکہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔



