جہلم میں قربانی کے جانوروں کا چارہ اور سجاوٹی سامان مہنگا، شہری پریشان

جہلم: عید قربان کی آمد کے ساتھ ہی شہر اور مضافاتی علاقوں میں قربانی کے جانوروں کے لیے چارہ اور سجاوٹی سامان فروخت کرنے والی عارضی دکانیں بڑی تعداد میں قائم ہو گئی ہیں۔

ان دکانوں پر مختلف اقسام کا چارہ، جانوروں کے لیے ہار، گھنٹیاں، رنگین ربن، موتی اور دیگر سجاوٹی اشیاء دستیاب ہیں، تاہم ان اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے جہاں روزمرہ اشیاء کو متاثر کیا ہے وہیں قربانی کے جانوروں کے چارے اور زیبائش کے سامان کو بھی مہنگا کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور ان پر کسی قسم کی حکومتی مانیٹرنگ یا قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا نظام موجود نہیں۔

بعض مقامات پر چارہ اتنا مہنگا فروخت ہو رہا ہے کہ اس کی قیمت قربانی کے جانور سے بھی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال چارے کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسی طرح جانوروں کی زیبائش کا سامان بھی دوگنی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے لیے قربانی کے جانور کو سجا کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنا ممکن نہیں رہا۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چارے اور سجاوٹی سامان کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سنتِ ابراہیمی کو بغیر اضافی مالی بوجھ کے ادا کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button