جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس فورس کی زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی جامع انسپکشن کی۔ یہ معائنہ پولیس لائنز جہلم میں کیا گیا، جہاں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، انچارج ایم ٹی اور ڈرائیوران بھی موجود تھے۔
ڈی پی او جہلم نے انسپکشن کے دوران گاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس، سروس، صفائی اور مینٹیننس کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈرائیوران سے براہ راست ان کی گاڑیوں کے مسائل اور دیکھ بھال کے طریقہ کار کے بارے میں استفسار کیا۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس ضلع بھر میں ایمرجنسی آپریشنز، گشت اور اہم سیکیورٹی ڈیوٹیوں پر مامور ہے، اس لیے زیر استعمال گاڑیاں بہترین حالت میں ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایم ٹی او (میکانیکل ٹرانسپورٹ آفیسر) کو ہدایت دی کہ گاڑیوں کے ٹائرز مقررہ وقت پر تبدیل کیے جائیں اور فٹنس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
بعد ازاں ڈی پی او نے تمام ڈرائیوران سے فرداً فرداً ان کے درپیش مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے ایم ٹی او کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈرائیور گاڑیوں کی روزمرہ سروس، دیکھ بھال اور صفائی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں تاکہ کسی بھی آپریشن کے دوران مشکلات نہ ہوں۔
ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی کارکردگی میں بہتری کے لیے جدید سہولیات اور بہترین انتظامی حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔
