جہلم میں شدید بارشوں اور طغیانی سے سیلابی صورتحال، جہلم پولیس کی شاندار کارکردگی، ایک پولیس اہلکار شہید

جہلم: شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث جہلم میں سیلابی صورتحال نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ ساتھ جہلم پولیس نے بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز کی قیادت میں پولیس نے اب تک سیلاب میں پھنسے 400 سے زائد شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کیا ہے۔
جہلم پولیس کے ایک بہادر جوان کانسٹیبل حیدر ریسکیو کی کارروائی کے دوران خود سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا۔ ڈی پی او طارق عزیز نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی پانی میں بہہ جانے والے جوان کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس جانوں کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کی قیمتی جانیں بچانے پر ڈی پی او جہلم اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی پی او طارق عزیز اور ان کی ٹیم مسلسل سیلاب زدہ علاقوں میں موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔



