عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات اور حکومتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری بیوٹیفیکیشن سکیموں، پلس پروگرام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) کی سرگرمیوں، ضلع بھر کے سرکاری طبی مراکز میں جاری ڈیپ کلیننگ آپریشن اور مختلف محکموں کی کارکردگی کے کلیدی اشاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے، صحت مراکز میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ عوامی خدمت، موثر طرز حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بین المحکمانہ رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے، منصوبوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو بروقت، شفاف اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ضلع جہلم میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



