عالمی یوم ماحولیات کے تحت پلاسٹک آلودگی کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد

جہلم: عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں جہلم میں "پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ” کے عنوان سے ایک بھرپور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

آگاہی واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے کی۔ یہ واک ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) جہلم کے اشتراک سے سرکاری منصوبے اور اعلیٰ حکام کی ہدایات کے تحت منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو پلاسٹک کی آلودگی کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرنا اور ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔

واک میں طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پلاسٹک کے استعمال میں کمی، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ کے پیغامات درج تھے۔

شرکاء نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف آواز بلند کی اور ضلعی انتظامیہ کے اس عزم کو سراہا کہ ایک صاف، سرسبز اور پائیدار مستقبل کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں تحصیل دینہ میں بھی ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے کی۔ اس ریلی میں بھی شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی خصوصاً پلاسٹک کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

صفا عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے، اور ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں ایسی تبدیلیاں لانا ہوں گی جو ماحول کے لیے سودمند ہوں۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ جہلم کو ایک محفوظ اور سبز شہر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button