دینہ میں عالمی یوم جنگلات پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا

دینہ: عالمی یوم جنگلات کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد، وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے کوآرڈینیٹر راجہ علی، اور دیگر شخصیات نے میونسپل کمیٹی پارک دینہ میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شجرکاری مہم کے افتتاح کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد، راجہ علی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل، اور دیگر معززین نے پارک میں پودے لگائے۔ اس موقع پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ بچوں نے بھی پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے کیونکہ درخت ماحولیاتی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کو محض پودے لگانے تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ درخت تناور ہو کر فضا کو مزید صاف اور بہتر بنا سکیں۔
تقریب میں راجہ لیاقت علی، فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ، میاں عتیق، میاں سجاد، اور دیگر معززین بھی شریک تھے۔ شرکاء نے اس مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لیے ضروری ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم کرتے ہیں۔



