ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے دینہ میں میونسپل فیملی پارک کا افتتاح کر دیا

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کا دینہ کا دورہ، پانچ کنال اراضی پر قائم میونسپل فیملی پارک دینہ کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر میونسپل فیملی پارک کی توسیع کے بعد 5 کنال اراضی پر قائم میونسپل فیملی پارک دینہ کا افتتاح کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر، چیف آفیسر گلشن نورین، سہیل اشرف و دیگر افسران بھی موجود تھے، یہ پارک اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ ڈوگر کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی دینہ نے مکمل کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے دینہ میں میونسپل فیملی پارک کی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینہ شہر کا پارک کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے ،والدین اپنے بچوں کے ساتھ پارک میں آئیں، صرف فیملی کو اجازت ہو گی، پارک میں تمام سہولیات میسر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ دینہ شہر میں کوئی پارک نہ ہونے کی وجہ سے دینہ کی عوام کو دوسرے شہر کی طرف رخ کرنا پڑتا تھا مگر اب ان کا دیرینہ مطالبہ جو پورا کر دیا گیا ہے جس میں توسیع کے بعد مزید خوبصورت بنا دیا گیا ہے، پارک میں چوکیدار مکمل طور پر موجود ہو گا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے تجاوزات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جہلم سمیت دینہ میں بھی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، دوکاندار حضرات اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے چلنے کی جگہ اور کسٹمر کے چلنے پھرنے کی جگہ نہیں ہے کیسے چل سکیں گے، اس میں ہر گز کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، آپریشن عملدارآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



