دینہ میں بین الاضلاعی قیسو گینگ کے تین موٹر سائیکل چور گرفتار، مال مسروقہ برآمد

دینہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی قیسو گینگ کے تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد الیاس ملک اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کی، جس کے دوران قیسو گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے سات چوری شدہ موٹر سائیکلز، آٹھ موبائل فونز، ایک عدد لیپ ٹاپ، موٹر سائیکل کے اسپیئر پارٹس اور ایک لاکھ پچاس ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔ ان ملزمان کا تعلق ایک منظم بین الاضلاعی گروہ سے ہے جو عرصہ دراز سے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا اور پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دینہ میں حالیہ عرصے میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے پیش نظر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جن کی روشنی میں اس کارروائی کو ممکن بنایا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور جدید سائنسی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا اور کامیابی سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ایسے عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے دینہ پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔



